18 مئی، 2026، 3:33 PM

این پی ٹی کے تحت ایران کے جوہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ

این پی ٹی کے تحت ایران کے جوہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ

ایران نے واضح کیا ہے کہ جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے این پی ٹی کے تحت یورینیم افزودگی کا حق ناقابل مذاکرات ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کے روز اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ایران کا جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے این پی ٹی کے تحت یورینیم افزودگی کا حق ناقابل مذاکرات ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات پاکستانی ثالثی کے ذریعے جاری ہیں اور ایران مسلسل اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

بقائی نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران یورینیم افزودگی کے معاملے کو بارہا اٹھایا گیا، تاہم ایران نے ہر بار واضح کیا کہ اس حق پر نظرثانی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی عمل بدستور جاری ہے۔ ایران نے ایک 14 نکاتی منصوبہ پیش کیا تھا جبکہ امریکی فریق نے بھی اپنے تحفظات سامنے رکھے، جس کے بعد تہران نے اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کیا۔

ایرانی ترجمان کے مطابق پاکستان کی ثالثی کے ذریعے امریکا کی جانب سے نظرثانی شدہ تجاویز موصول ہوئیں، جن کے جواب میں ایران نے دو رات قبل اپنا باضابطہ مؤقف بھی ارسال کر دیا۔

اسماعیل بقائی نے زور دے کر کہا کہ حقوق کا معاملہ مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتا، کیونکہ این پی ٹی کے تحت ایران کے افزودگی کے حقوق تسلیم شدہ ہیں اور انہیں کسی دوسرے ملک کی توثیق کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران مذاکرات کے ہر مرحلے پر اپنے اصولی مؤقف کا بھرپور دفاع کرے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے جواب میں کہ ایران کی افزودگی سرگرمیاں 20 سال کے لیے معطل کی جا سکتی ہیں، بقائی نے کہا کہ ایران کی موجودہ توجہ جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہے اور تہران اپنے جوہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا معاشی دباؤ کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، تاہم واشنگٹن یہ سمجھ چکا ہے کہ دھمکیاں اور پابندیاں ایرانی عوام کو اپنے حقوق سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتیں۔

بقائی نے کہا کہ ایران مذاکراتی میز پر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور اگر کسی فریق نے غلط اندازہ لگایا تو ایران بھرپور اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خدشات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران سفارتکاری کا عمل سنجیدہ اور دانشمندانہ انداز میں آگے بڑھا رہا ہے اور تہران مخالف فریقوں کے متضاد رویوں سے متاثر نہیں ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام کے خلاف پوری قوت سے دفاع کرے گا، جبکہ ایرانی مسلح افواج دشمن کو حیران کن ردعمل دینے کے لئے مکمل تیار ہیں۔

News ID 1939340

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha